نوازشریف: میڈیکل بورڈ نےکارڈیک کیتھی ٹرائزیشن کی سفارش کردی

لاہور: میڈیکل بورڈ نے سفارش کی ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی کارڈیک کیتھی ٹرائزیشن کی جائے۔ کیتھی ٹرائزیشن کے عمل میں طبی تشخیص کے لئے حرکت قلب اور شریانوں کی اندرونی جانچ کی جاتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ ٹیسٹ انجائنا کی علامات کے پیش نظر مزید مینجمنٹ کے لئے کیا جاتا ہے۔ ذمہ دارذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کی تیارکردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کیتھی ٹرائزیشن ٹیسٹ کے دوران دل کی سرجری کا بھی بندوبست کیا جائے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد کی تیارکردہ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہےکہ قلب کے معائنے کے دوران نفرالوجسٹ کا بھی موجود ہونا لازمی ہے کیونکہ مریض کی ہارٹ سرجری ہوچکی ہے۔ میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مریض کی ایک سے زائد بیماریوں میں مبتلا ہونے کی دیرینہ میڈیکل ہسٹری بھی ہے۔ ڈاکٹروں کے بورڈ نے تجویز دی ہے کہ کیتھی ٹرائزیشن کے عمل کے دوران کسی بھی پیچیدگی کے امکان کے پیش نظر دل کے آپریشن کا انتظام ہونا چاہئیے۔ ڈاکٹروں کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف گردے کے پرانے مریض ہیں اور دل کا کرونری اینجیوگرام کرنے کی صورت میں گردے کے بعض مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گردے کے مرض کے حوالے سے ماہر امراض گردہ کی تشخیص وعلاج درکار ہوگا۔ ڈاکٹروں نے اس ضمن میں تجویز دی ہے کہ گردے کی دیکھ بھال اور علاج دل کا کرونری اینجیو گرام کرتے ہوئے نیفروپیتھی کی پیچیدگیوں سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے۔