لاہور قلندرز میں محمد حفیظ کی جگہ سلمان بٹ شامل

پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز نے محمد حفیظ کی جگہ اوپننگ بلے باز سلمان بٹ کو اسکواڈ میں شامل کرلیا۔انگوٹھے کی انجری کے باعث محمد حفیظ ایونٹ سے دستبردار ہوگئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی فرنچائز لاہور قلندر نے ان فٹ محمد حفیظ کی جگہ اوپنر سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔سلمان بٹ تین سال سے پی ایس ایل ڈرافٹ میں شامل تھے لیکن وہ اب پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ لاہور قلندر حکام نے سلمان بٹ کی شمولیت کو لاہور قلندر کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔ فرنچائز ڈائریکٹر ثمین رانا نے محمد حفیظ کے ان فٹ ہونے کو اپنی ٹیم کے لیے بہت بڑا دھچکہ قراردیا۔ محمد حفیظ کراچی کنگز کے خلاف اتوار کو کھیلے گئے میچ میں انگوٹھے میں فریکچر ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ قیادت کی ذمہ داری جنوبی افریقی بیٹسمین اے بی ڈی ویلیئرز کو سونپ دی گئی ہے۔ بلے باز سلمان بٹ 33 ٹیسٹ 78 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہے ہیں تاہم 2010ء میں انگلینڈ کے دورے میں وہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے جس پر نہ صرف آئی سی سی نے ان پر دس سالہ پابندی عائد کردی تھی بلکہ لندن کی عدالت نے بھی انہیں ڈھائی سال قید کی سزا سنائی تھی۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل عمدہ بیٹنگ نے سلمان بٹ کو پی ایس ایل ڈرافٹ مین شامل کرایا تھا۔ڈرافٹ میں کسی بھی ٹیم نے سلمان بٹ کو نہیں لیا تھا