پرویزالٰہی نے علیم خان ،سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دئیے

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے نیب کے زیرتحویل دو ارکان اسمبلی عبدالعلیم خان اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دئیے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق کا تعلق ن لیگ سے ہے جبکہ عبدالعلیم خان سینئر صوبائی وزیر تھے۔ سپیکر نے پروڈکشن آرڈرز 20 فروری 2019ء سے شروع ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے جاری کئے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی کے چیئرمین نیب کو تحریری احکامات میں کہا گیا ہے کہ دونوں ارکان اسمبلی کو 20 فروری صبح 9 بجے اسمبلی چیمبر میں پیش کیا جائے۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بطور سپیکر، اسمبلی کے استحکام کیلئے جدوجہد کرنا میری ذمہ داری ہے جس کیلئے میں دل و جان سے کوشاں رہوں گا۔ دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے بھی منگل کو ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔