مودی سن لو اب پاکستان 65 اور 71 والا نہیں،ملکی سلامتی کیلئے بچہ بچہ کٹ مرے گا۔ سراج الحق

جماعت اسلامی کے امیر اور سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مودی سن لو اب پاکستان 65 اور 71 والا نہیں ، موقع دیا تو پاکستان کاہر بچہ حرمت وطن پر کٹ مریگا، بھارت عزت کا راستہ لے اور اپنی فوجیں کشمیر سے نکال لے۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر اور سینیٹر سراج الحق نے جامعہ کراچی میں منعقدہ تین روزہ کتب میلے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبا نئی نسل کی ترجمان ہے، موجودہ یاماضی کی حکومتوں نے نئی نسل کے لئے کوئی کام نہیں کیا، نئی نسل کے کام پر ریاستیں توجہ نہیں دیتیں، نوجوان لاکھوں کی تعداد میں ڈگریاں لینے کے باوجود بیروزگار ہیں ، مائیں بچوں کو اپنے زیورات بیچ کر پڑھاتی ہیں۔سینیٹرسراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں غیر منصفانہ نظام ہے ، پاکستان کواس وقت ایک نصاب تعلیم کی ضرورت ہے ،ہم آج تک یہ طینہ کرسکیتعلیم کس زبان میں دی جائے ، اب توچینی زبان سیکھنے کا بھی لوڈ ڈال دیاگیاہے ، ہمیں موقع دیاگیاتو اردو کوسرکاری، دفتری، تعلیمی زبان قرار دیں گے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا ہمیں کیوں غلام ابن غلام بنایا جارہاہے، سپریم کورٹ کا اردو زبان کو رائج کرنے کا حکم ہے حکومت توجہ نہیں دیتی، اپنے دور حکومت میں کے پی میں اردو زبان کو دفتری زبان بنایا تھا۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ بھارت عزت کاراستہ لے اور اپنی فوجیں کشمیر سے نکال لے ، بھارت جان لے کہ روس اورامریکا کی طرح رسوا ہوگا ، وزیراعظم عمران خان نے معاملے پر اچھی بات کی ہے ، تمام اختلافات ایک طرف رکھ کر وزیراعظم کے ساتھ ہوں گا۔انھوں نے کہا پوری قوم وزیراعظم آپ کے اور فوج کے ساتھ ہے، وطن کی جانب میلی آنکھ نہیں اٹھنے دیں گے، ہمارے حکمران نہ قوم کے ساتھ انصاف کرسکے نہ وسائل کے ساتھ، یہاں غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے غربت ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ زرعی ملک میں 60 فیصد زمین بنجر پڑی ہے ، بھارت دھمکیاں دے رہاہے، مودی سن لو اب پاکستان 65 اور 71 والا نہیں ، موقع دیا تو پاکستان کا ہر بچہ حرمت وطن پر کٹ مرے گا۔پلوامہ حملے پر سراج الحق نے کہا پلواماکا واقعہ ایک دھوکا اور فراڈ ہے اور انٍڈیا کا رچایا ہوا ڈرامہ ہے ، یہ ڈرامہ ناکام ہوگا، یہ بھارت نے نائن 11 کی طرح حرکت کی، اقوام متحدہ سن لے ہمارامسئلہ صرف اورصرف کشمیر کاہے، جو بھی مذاکرات ہوں اس میں کشمیریوں کو شامل کیاجائے۔