احتساب کے سخت عمل کے حوالے سے متعلقہ ادارے آزادی و خودمختاری سے کام کررہے ہیں،عمرا ن خان

اسلام آباد: حکمران اتحاد کی قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم عمران خان کو سعودی ولی عہد کے کامیاب دورہ پاکستان ، معیشت ،تجارت، دفاع، مواصلات ، زراعت و سماجی شعبوں میں اہم پاک سعودی معاہدوں پرمبارکباد دی ہے۔ حکمران اتحاد نے وزیراعظم کے بھارتی الزامات کے حوالے سے موثر بیان پر بھی مبارکباد دی ہے جبکہ وزیراعظم نے ملک میں یکطرفہ احتساب کے تاثر کو سختی سے مسترد کردیا ہے ۔ واضح کیا گیا ہے کہ احتساب کے سخت عمل کے حوالے سے متعلقہ ادارے آزادی و خودمختاری سے کام کررہے ہیں ۔ اس امر کا اظہار وزیراعظم نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر دو میں پاکستان تحریک انصاف پاکستان ، مسلم لیگ (ن) ،متحدہ قومی موومنٹ ، دیگر اتحادی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی کے اجلاس میں کیا ۔ حکمران اتحا د کی پارلیمانی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں ارکان اسمبلی کو اہم خارجہ امور، ملک کی موجودہ صورتحال ، قانون کی حکمرانی ، احتساب کے معاملے پر اعتمادمیں لیا گیا ۔حکمران اتحادکو پارلیمانی جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی معاملات پر اپنی تجاویز سے آگاہ کردیا ہے۔ پارلیمانی جماعت نے کہا ہے کہ حکومت کسی دباؤ میں آئے بغیر قومی معاملات میں پیش رفت کا سلسلہ جاری رکھے۔پارلیمانی جماعت نے بھارتی دھمکیوں کیخلاف وزیراعظم کے دوٹوک موقف پر انہیں مبارکباد دی ہے اور واضح کیا ہے کہ اس معاملے پر پوری قوم ریاست پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ ارکان اسمبلی نے حکومتی تجویز دی کہ کسی بھی صورت میں بھارتی دھمکیوں سے مرعوب ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہے ، دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا ۔ پاکستان کی خطے میں امن و استحکام کی پالیسی اور مذاکرات سے دیرینہ تنازعات حل کرنے کی خواہش اور کوششوں کی بھی پارلیمانی جما عتوں نے تعریف کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم کو حکومت اور اتحادیوں کے تعلقات کار کے حوالے سے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا ۔ پارلیمانی جماعت نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پرتشویش کا اظہارکیا۔ قبل ازیں وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد قوم کے مجرم ہیں۔ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے۔ قو م کا پیسہ چوری کر کے بیرون ملک ذاتی خزانے بھرنے کی روش سے نہ صرف ملک سنگین مالی صورتحال سے دوچار ہو رہا ہے قوم کو قرضوں کے دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے۔ منی لانڈرنگ ملک کے لئے سنگین خطرہ ہے اور اس کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ نے منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات سے آگاہ کیا۔ منی لانڈرنگ کے خلاف انتظامی قانونی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔am-aa-mz