ایک ٹرافی 6 دعویدار، کس کا چلے گا وار، ختم ہوا انتظار

کراچی / لاہور: ایک ٹرافی 6 دعویدار،کس کا چلے گا وار،ختم ہوا انتظار، پلیئرز مقابلے کیلیے تیار، پی ایس ایل 6 کا میلہ آج سے سجے گا۔ پی ایس ایل 6 کا ہفتے سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آغاز ہورہا ہے،کورونا کی وجہ سے روایتی افتتاحی تقریب نہیں ہوگی مگرشام 6.45 پر ٹیکنالوجی کی مدد سے میدان میں رنگ بکھیرے جائیں گے، انھیں دنیا کے مختلف ملکوں میں بیٹھے شائقین بھی اپنے ٹی وی سیٹس کے سامنے بیٹھ کر دیکھ سکیں گے۔ اس شو میں معروف گلوکار عاطف اسلم، حمیمہ ملک، عمران خان، نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز فن کا مظاہرہ کریں گے، پروگرام کا کچھ حصہ ترکی میں ریکارڈ کیا گیا ہے،تقریب دکھانے کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی،بعد ازاں ایونٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں رات 8 بجے مقابل آئیں گی۔ میزبان ٹیم کے کپتان عماد وسیم کو بابر اعظم، شرجیل خان، کولن انگرام اور محمد عامر کی خدمات حاصل ہیں،2019 کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز گذشتہ سال کی ناکامیوں کا ازالہ کرنے کا عزم لیے فاتحانہ آغاز کرنا چاہے گی،سرفراز احمد کی قیادت میں کرس گیل، ٹام بینٹن، قیس احمد اور زاہد محمود دھوم مچانے کیلیے بے تاب ہیں۔ مجموعی طور پر6ٹیمیں چمچماتی ٹرافی اور 8 کروڑ روپے کی انعامی رقم کیلیے برسر پیکار نظر آئیں گی، ایونٹ میں مجموعی طور پر11 کروڑ20 لاکھ روپے کی رقم تقسیم ہوگی۔ دوسری جانب چیف کیوریٹر آغا زاہد کی زیر نگرانی پچز کی تیاری کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے۔ #Waqtnews