دہشتگرد بھارتی فورسز نے 6 بےگناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا
بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں 6 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر میں شہید ہونے والے تین کشمیری نوجوانوںکی لاشوں کو شمالی کشمیر کے نامعلوم قبرستان میں سپردخاک کر دیا ہے ، شوپیاں اور پلوامہ کے رہائشی مدثر احمد وگے،سہیل احمد شیخ ، شاہد احمد ڈار کو بھارتی فوج نے زینہ پورہ گائوں میں شہید کر دیا تھا۔ فوجی آپریشن میں محمد رمضان بٹ نامی شہری کا گھر بھی بارود سے تباہ کر دیا گیا تھا۔کے پی آئی کے مطابق فوج نے مدثر احمد وگے،سہیل احمد شیخ ، شاہد احمد ڈار کی لاشیں لواحقین کے حوالے نہیں کیں۔ ایک نوجوان مدثر احمد وگے ولد فیاض احمد ساکن چک سانگھڑن شوپیان کا رہنے والا تھا،سہیل احمد شیخ عرف عظیم ولد عبدالغنی ساکن ترکہ وانگام شوپیاں جبکہ شاہد احمد ڈار عرف فرقان ولد بشیر احمد ساکن سانبورہ پلوامہ کا رہائشی تھا۔ پلوامہ اور شوپیاں کے کئی علاقے بھارتی فوج کے محاصرے میں ہیں ان علاقوں میں انٹر نٹ سروس معطل ہے ۔ ادھر بڈگام ضلع کے بیروہ علاقہ سے ملحقہ گائوں پیٹھ زانی گام میں فورسز نے عبدالحمید ناتھ ولد محمد اکبر ناتھ نامی شخص کے گھر میں توڑ پھوڑ کی ہے ۔بھارتی فورسز نے تلاشی مہم کے دوران بانڈی پورہ، اسلام آباد ، سرینگر اور پلوامہ کے مختلف علاقوں سے چھ بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔بانڈی پورہ میں عابد وازہ اور شبیر احمد گجر ،ضلع اسلام آباد سے سہیل احمد میر اور اویس منظور صوفی جبکہ سرینگر کے علاقہ باغت برزلہ میں مدثر احمد اور پلوامہ سے ولایت عزیز میر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔