وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا ن لیگ کی غنڈہ گردی پر بیان
وفاقی وزیر اطلاعات، سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ (ن) لیگ دھونس، دھاندلی، تشدد اور غنڈہ گردی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، لیگی جتھوں نے پولنگ اسٹیشنز کو یرغمال بنا کر ووٹ کی عزت کو تار تار کیا۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈسکہ فائرنگ واقعہ میں کارکنوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس ہے ، یہ واقعہ ثبوت ہے کہ (ن) لیگ دھونس، دھاندلی، تشدد اور غنڈہ گردی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیگی جتھوں نے پولنگ اسٹیشنز کو یرغمال بنا کر ووٹ کی عزت کو تار تار کیا، پی ٹی آئی انتخابات میں شفافیت جبکہ اپوزیشن خرید و فروخت اور پیسے کی سیاست کا تسلسل چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈسکہ واقعہ کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔واضح رہے کہ حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کے دوران دن بھر سیاسی جھگڑے ہوتے رہے،ڈسکہ میں تلخ کلامی کے بعد ایک پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کے نتیجہ میں ن لیگ اورتحریک انصاف کا ایک ایک کارکن قتل ہوا تھا۔