محکمہ موسمیات کےمطابق کل سے ملک میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کےدوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا تاہم کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقے شدید سرد ہواؤں کے زیر اثر رہیں گے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ہفتہ کے روز سے ملک میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ آئندہ چند روز کے دوران پنجاب اورخیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور سکھر ڈویژن میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا جبکہ شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی، سب سے زیادہ بارش جہلم میں آٹھ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ آج ملک میں کم سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی چودہ ڈگری سینٹی گریڈ رہا، اس کے علاوہ پاراچنار منفی چار، قلات منفی دس، مالم جبہ منفی نو، راولاکوٹ، سکردو اور کوئٹہ میں منفی آٹھ، ہنزہ منفی سات، گوپس منفی چھ، اسلام آباد صفر، لاہور اور فیصل آباد دو، مظفرآباد منفی ایک، ملتان چار، کراچی آٹھ، پشاور ایک، گلگت اور مری میں منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔