ملکی حالات کو بہتربنانے میں متحدہ مسلم لیگ اہم کردار ادا کرسکتی ہے لیکن نواز شریف کی قسمت میں متحدہ مسلم لیگ کی صدارت نہیں۔ مجید نظامی
ایوان کارکنان لاہور میں پیر پگارا کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجید نظامی کا کہنا تھا کہ پیرصاحب کچھ دیر اور زندہ رہ جاتے تو پاکستان کی مزید خدمت کرجاتے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلم لیگی جماعتیں کو متحد کرنے کی کوشش کی تو پیر صاحب نے بغیر کسی شرط کے ساتھ دیا اور چوہدری شجاعت حسین بھی اس کے حق میں تھے تاہم مسلم لیگ نون کے صدرمیاں نواز شریف راضی نہ ہوئے۔ مجید نظامی نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان کے بیان کے مطابق ان کے صوبے میں غیرملکی عناصرشرارت کررہے ہیں تو ان غیرملکیوں کو جوتے مارکرباہرنکالاجائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویزمشرف ملک واپس نہیں ائیں گے کیونکہ یہاں اُن کا کوئی مستقبل نہیں۔ پیرصاحب پگارا مرحوم کی یاد میں تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ قاف کے سینیڑ ایس ایم ظفرنے کہا کہ پیرپگارا کا نام ہرپارٹی میں عزت سے لیا جاتا ہے وہ سچے پاکستانی تھے۔ ایس ایم ظفر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کے صدرکی حیثیت سے وہ قائد اعظم کی تعلیمات کے وارث تھے جن کی وفات کے بعد مسلم لیگی اتحاد کا سارا بوجھ مجید نظامی کے کندھوں پرآگیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرسٹ کے وائس چیرمین ڈاکڑ رفیق احمد کا کہنا تھا کہ تحریک پاکستان میں برصغیر کے پیران کا بڑا ہاتھ ہے جن میں پیرپگارا کے خاندان کی خدمت نمایاں ہے۔ اس موقع پر پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے چیرمین کرنل ریٹائرڈ جمیشد ترین، جسٹس ریٹائرڈ آفتاب فرخ، چوہدری بشیرایڈوکیٹ، ایم پی اے رانا محمد ارشد، رانا تجمل، ڈاکڑایم اے صوفی، مولانامحمد شفیع جوش نے بھی خطاب کیا جبکہ اساتذہ کرام اورطلبہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرا نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر دو قراردیں بھی پیش کی گئی جن کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔