سیاسی مفادات کے لیے پولیس کوغنڈہ فورس میں تبدیل کردیا گیاہے, را ؤانوار نے 440 بیگناہ شہریوں کو قتل کیا، آج بھی وہ آزاد گھوم رہا ہے: مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سانحہ ساہیوال کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔اتوارکو اپنے بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنے سیاسی مفادات کے لیے پولیس کوغنڈہ فورس میں تبدیل کردیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ساہیوال میں پولیس کے ہاتھوں خواتین سمیت4بیگناہ شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے پولیس کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرکے غلط لائن پر لگادیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پولیس کا ریکارڈ ہے کہ جب اسے حکمرانوں کی شہہ ملتی ہے تو وہ بے لگام ہوجاتی ہے، آج ساہیوال میں حادثہ اسی وجہ سے ہوا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ را ؤانوار نے کراچی میں 440 بیگناہ شہریوں کو طالبان قرار دے کر قتل کیا، لیکن آج بھی وہ آزاد گھوم رہا ہے۔