سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ پاکستان کی ترقی کے لئے کوشاں ہے :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
کراچی : پریزیڈینشل انی شی ایٹو آرٹیفیشل انٹیلی جینس اینڈ کمپیوٹنگ (PIAIC)پروگرام جس کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم ملک بھر میں پڑھائی جائے گی ۔ اس پروگرام میں سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، پینا کلائوڈ اور اقرا یونیورسٹی بحیثیت پارٹنر شامل ہیں۔ اس پروگرام میں آر ٹیفیشل انٹیلی جینس ، کلائوڈ کمپیوٹنگ اور بلاک چین کی تعلیم دی جائے گی ۔ اس پروگرام کے پہلے بیج کا آغاز کراچی سے کیا جاچکا ہے ۔ جس میں تقریبا 30,000 بچوں کی درخواستیں موصول ہوئیں ، جس میں سے تقریبا 17430 طلباء و طالبات کو انٹری ٹیسٹ کے لئے منتخب کیا گیا ہے ۔ انٹری ٹیسٹ 3فیزز پر مشتمل ہوگا۔ انٹری ٹیسٹ کے پہلے فیز کی تقریب مورخہ 20جنوری 2019کو عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوئی ۔ جس میں تقریبا 5000سے زائد طلبا نے شرکت کی جس میں 2006طالبات بھی شامل تھیں۔ تقریب میں جناب ڈاکٹر عارف علوی (صدر ، مملکت پاکستان ) نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔اس تقریب میں خالد مقبول (منسٹر ، آئی ٹی ) ، قاضی راحت علی (جنرل سیکریٹری ، PIAICپروگرام) ، حنید لاکھانی (چانسلر ، اقرا یونیورسٹی ) ، سر ضیاء اللہ خان (سی ای او ، پیناکلائوڈ ) ، سلیمان مہدی (چیئرمین ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج ) اور دیگر مہمانان ِ گرامی نے بھی شرکت کی ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک ، نعت رسول مقبول ۖ اور قومی ترانہ سے کیا گیا ۔ صدرِ پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پورے پاکستان میں پھیلایا جائے گا اور ان شاء اللہ تمام بچوں کو اس پروگرام میں شامل ہونے کا موقع ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس انٹری ٹیسٹ کا مقصد اسٹوڈینٹس کی سلیکشن کرنا نہیں بلکہ یہ اندازہ لگانا ہے کہ آپ اس پروگرام کو سمجھنے کے قابل بھی ہیں یا نہیں ۔ اگر آپ تمام طلبا ء و طالبات اس پروگرام کو پڑھنے کی قابلیت رکھتے ہونگے تو تمام طلباء کو کراچی کی مختلف یونیورسٹیوں اور سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام تعلیم دے جائے گی ۔ اور جو طلباء اس ٹیسٹ میں کامیاب نہ ہوپائیں وہ بھی مایوس نہ ہوں انہیں اس کورس کو آن لائن پڑھنے کے مواقع دیے جائینگے اور وہ گھر بیٹھے اس ٹیکنالوجی کو پڑھ سکتے ہیں اور اپنے لئے ایک بہترین روزگار منتخب کرسکتے ہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کو پڑھنے کے بعد آپ کو نوکری کے لئے گھر سے باہر جانے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ آن لائن اپنے گھر بیٹھے روزگار کماسکتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ میں نے ایک بچہ کے بارے میں سنا ہے کہ وہ پہلے ایک کارپیٹر کی نوکری کرتا تھا اس نے سیلانی ماس آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کے تحت موبائل ویب ایپلیکیشن ڈیویلپمنٹ کی تعلیم حاصل کی ۔ اور وہ بچہ آج فری لانس ویب سائٹ UPWORKکے ذریعے پچھلے ایک سال میں تقریبا 50لاکھ سے زائد کما چکا ہے ۔ یہ ہمارے پاس ایک بہترین مثال ہے Revolutionکی ۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں چوتھا انڈسٹریل ریوولیشن آرہا ہے جس میں ان شاء اللہ پاکستان ضرور شامل ہوگا ۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے دوسرے فیز کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا اس کے بعد پاکستان کے دیگر شہروں میں اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ و ممتاز روحانی و سماجی شخصیت حضرت علامہ مولانا محمد بشیر فاروقی صاحب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہ ہم پچھلے چار سالوں سے طلباء کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دے کر ملک کے معماروں کو اپنے پیروں پر کھڑا کررہے ہیں۔ اس پروگرام میں سر ضیاء خان ہمارے ساتھ شامل ہیں۔ سیلانی ماس آئی ۔ ٹی ٹریننگ پروگرام کا آغاز 2013میں کیا گیا اس پروگرام کے تحت اب تک 4000سے زائد طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں اور کئی طلباء تعلیم حاصل کرکے بہترین روزگار حاصل کررہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ حکومت کے ساتھ ہر پراجیکٹ میں حکومت کے ساتھ شامل ہے ۔ حتی کہ جب وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان صاحب نے غریبوں کے لئے 10لاکھ گھروں کی تعمیرات کا منصوبہ بنایا تو سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ نے انہیں اپنی خدمات پیش کیں اور اس پراجیکٹ میں بھی سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ بحیثیت پارٹنر شامل ہے ۔ بعد ازاں ٹیسٹ کا آغاز کیا گیا ۔ ٹیسٹ کا دورانیہ تقریبا ایک گھنٹہ تھا ۔ اس تقریب میں جناب یوسف لاکھانی (صدر، سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ )اور دیگر ٹرسٹی حضرات نے بھی شرکت کی ۔