بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری, شدید برفباری کے بعد پہاڑی علاقوں کو جانے والے راستے بند
کوئٹہ:صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیاہے جبکہ برف پڑھنے سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیاہے ،صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بارش کے شروع ہوتے ہی بجلی غائب ہوگئی جبکہ بارش کا پانی نالیاں بند ہونے کی وجہ سے کوئٹہ کی سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں جس کے باعث شہریوں کو شدیدمشکلات کاسامنا کرناپڑا۔تفصیلات کے مطابق ایران سے بارش برسانے والا سسٹم مکران کے ساحل تک پہنچ گیابلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والا بارش کا سسٹم مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے شمال مشرقی اور مغربی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ چمن شہر اور اس کے گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی جب کہ وادی زیارت، سنجاوی میں شدید برفباری کے بعد پہاڑی علاقوں کو جانے والے راستے بند ہوگئے۔ضلع سنجاوی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سنجاوی اور کچھ کی جانب سے ہیوی ٹریفک کو زیارت جانے سے روک دیا گیا اور سڑکوں پر پڑی برف ہٹانے کیلئے گریڈرز استعمال کیے جارہے ہیں۔کوژک ٹاک، توبہ اچکزئی اور توبہ کاکڑی میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی جب کہ وادی زیارت، مسلم باغ اور کان مہترزئی میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔چمن کے علاقے کان مہترزئی، لوئی بند، خانوزئی، برشور میں بھی شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کوئٹہ ژوب شاہراہ پر آمدورفت متاثر ہے۔ اسی طرح قلعہ عبداللہ، گلستان، میزئی اڈا، جنگل پیر علیزئی میں موسلا دھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے، ضلع مستونگ میں طویل خشک سالی کے بعد رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔پشین اور نوشکی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بارش سے موسم خوشگوارہوگیا جبکہ بارش کے شروع ہوتے ہی بجلی غائب ہوگئی ،بارش کا پانی نالیاں بند ہونے کی وجہ سڑکوں پر بہنے لگی جس کے باعث کوئٹہ کی سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں جس کے باعث شہریوں کو شدیدمشکلات کاسامنا کرناپڑا۔دکی میں طویل ترین خشک سالی کے بعد دکی کے مختلف علاقوں ناصرآباد ,بنی کوٹ, تھل اسماعیل شہر,علاقہ نانا صاحب زیارت اور ہوسڑی میں صبح چار بجے سے بارش کا سلسلہ شروع ہوکر دن بارہ بجے تک جاری رہا جبکہ لونی کے علاقے کلی معروف زئی میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی .موسم سرما کے پہلی بارش کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ عوام میں خوشحالی کی لہر دوڑ گئی .ظہر کو تین بجے سورج نے اپنا جلوہ دیکھا دیا۔