پاکستان علاقائی امن و استحکام کے مقاصد کے ساتھ کھڑا ہے: وزیر خارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے مقاصد کے ساتھ کھڑا ہے، ہم مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور امن کا فروغ چاہتے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایران، سعودیہ، عمان، امریکا اور قطر کا دورہ کیا۔ اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کیساتھ ملاقات میں تنازعہ جموں و کشمیر کا معاملہ اٹھایا، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کیلئے ہم منصبوں سے تعمیری گفتگو ہوئی۔ شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ بھارت کے زیر تسلط کشمیریوں کی مشکلات سے آگاہ کیا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی المیہ پر عالمی برادری کی فوری توجہ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ قراردادوں، کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔ وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے مقاصد کے ساتھ کھڑا ہے، ہم مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی، امن کا فروغ چاہتے ہیں۔