امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز آج شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گی
اسلام آباد : امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف اےٹی ایف میں پاکستان امریکی تعاون اورحمایت طلب کرےگا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی نائب معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز آج وزارت خارجہ کا دورہ کریں گی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گی ، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود ایلس ویلز مذاکرات میں اپنے وفود کی نمائندگی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کے بعد ایلس ویلز وزارت تجارت اور خزانہ کا بھی دورہ کریں گی، ایلس ویلز کے ہمراہ تجارتی وفد بھی پاکستان آیا ہے، وزارت خزانہ میں پاکستان کی مالی اور مالیاتی ضرورت پربات ہوگی اور ایف اے ٹی ایف میں پاکستان امریکی تعاون اورحمایت طلب کرے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں ٹیررفناسنگ کیخلاف پاکستانی اقدامات،نتائج پربھی بات ہوگی، ایلس ویلز وزارت داخلہ کے دورے میں دہشت گردی کیخلاف اقدامات اور کارروائیوں پر بات ہوگی جبکہ پاک امریکاتعاون کے امور پر بھی گفتگو کی جائے گی۔