پی ڈی ایم صرف اپنے کھوکھلے بیانیئے کی وجہ سے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی . شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی رکاوٹ کے بغیر پی ڈی ایم صرف اپنے کھوکھلے بیانیئے کی وجہ سے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی، الیکشن کمیشن کے باہر تین ہزار لوگ جمع ہوئے۔ آج قوم نے آپ کے ساتھ جو کیا ہے آپ اسی کے قابل ہیں.اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کے احتجاج کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ انہیں اجازت دی گئی تھی کہ ریڈ زون میں جتنے لوگ لاسکتے ہو لا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ تین ہزار لوگ جمع ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ جس اسمبلی پر مولانا فضل الرحمن جھوٹ، فراڈ اور لعنت بھیج رہے تھے، اسمبلی میں اس کا لیڈر عمر کوٹ چارٹر جہاز میں سیٹ جیتنے پر جشن منانے گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کتنا بڑا تضاد، قوم سے کتنا بڑا دھوکا اور فراڈ ہے، ان کے لانگ مارچ تک مزید 600 کیمروں کا انتظام کرنے لگے ہیں ورنہ انہی کے 1800 کیمرے ٹھیک کروائے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ سرحد، گجرانوالہ، منڈی بہاوالدین اور دیگر علاقوں سے لوگ آئے، ویگنیں، بسیں، ڈی ایس این جیز زیادہ تھیں، لیڈر بڑے تھے، جھنڈے زیادہ تھے لیکن کارکن نہیں تھے، کارکنوں نے السلام علیکم کہا۔مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ میں دینی طلبہ کے ساتھ ہوں، یہ چاہتے ہیں کہ طلبا گن اٹھائیں، جب طلبا نے گن اٹھائی تھی اس وقت آپ مشرف کے ساتھ تھے۔انہوں نے کہا کہ جب دینی طلبہ نے گن اٹھائی ہوئی تھی تو خیبرپختونخوا کے وزیراعلی اکرم خان درانی اور مولانا فضل الرحمن جس اجلاس میں جنرل پرویز مشرف اور جنرل نثار ہوتے تھے، وہاں میں بھی ہوتا تھا، اس وقت آپ کو دینی طلبا یاد نہیں آتے تھے، آج آپ کا درد سیریس ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج قوم نے آپ کے ساتھ جو کیا ہے آپ اسی کے قابل ہیں کیونکہ آج صرف تین ہزار لوگ نکلے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ختم نبوت پر سب سے زیادہ جیل میں نے کاٹی ہے، اگر مجھ سے زیادہ کسی نے جیل کاٹی ہے تو سامنے آئے۔اپنے گزشتہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے دینی طلبہ کی بات نہیں کی، بچوں کی بات کی تھی اورمیں تمام مدارس کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ان کا کہنا تھا یہ اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا تھا جہاں براڈ شیٹ اور الیکشن کمیشن پر بات ہوئی، مریم نواز سے کہوں گا کہ آپ براڈ شیٹ کا فیصلہ پڑھیں، آپ کا کیس خراب ہے اور آپ پر پاناما ٹو ہونے جارہا ہے، پڑھے بغیر اپنے لیے سیاسی مسئلے کھڑے کرنے کے مترادف ہے. شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ، پولیس اور ایف سی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پی ڈی ایم کے جلسے میں کوئی رکاوٹ نہیں تھی، نتیجہ سب نے دیکھ لیا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ خود میڈیا کہہ رہا تھا کہ جلسے میں ڈھائی یا تین ہزار لوگ تھے، جھنڈے اور لیڈر بہت تھے لیکن کارکن نہیں تھے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے یہ پاک فوج کے خلاف زبان بھی استعمال کر رہے ہیں۔ فوج کے خلاف غیر اخلاقی بات کرنے والوں کو قیمت چکانا پڑے گی۔ انہوں نے دوبارہ پی ڈی ایم قیادت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر محمود خان اچکزئی کی تقریریں ہوئیں تو پھر حالات شاید ہمارے ہاتھ سے نکل جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو براڈ شیٹ کو پڑھے بغیر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے۔ عمران خان نے تو چالیس ہزار لوگوں کا ڈیٹا دیا، آپ لوگ چالیس لوگوں کا ڈیٹا دیدیں۔وزیر داخلہ نے پی ڈی ایم کو پیشکش کی کہ حکومت آپ کے لانگ مارچ کو بھی خوش آمدید کرے گی۔ لانگ مارچ کل کے بجائے آج کرو۔