لبنان کا سرحدی خلاف ورزیوں پر اسرائیلی سے احتجاج
لبنان کی حکومت نے اسرائیل کی طرف سے سرحدی خلاف ورزیوں پر احتجاج کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لبنان کی قائم مقام وزیر دفاع زینہ عکر نے لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج یونیفیل کے کمانڈر جنرل اسٹیفانو ڈیل کول سے ملاقات میں اسرائیل کی جانب سے لبنان کی سرحدی خلاف ورزیوں اور باربار لبنان کی فضائی حدود کی پامالی پر احتجاج کیا۔وزیر دفاع زینہ عکر نے سرحد کے قریب سے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ایک چرواہے کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور اسے اسرائیل کی لبنان کی حدود میں گھسنے اور لبنانی خود مختاری کی خلاف ورزی قرا دیا۔ انہوں نے یرغمال بنائے گئے لبنانی شہری حسن زھرہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔زینہ عکر نے کہا کہ اسرائیلی ریاست ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت لبنان کی فضائی، بری اور بحری حدود کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ یہ خلاف ورزیاں اقوام متحدہ کی قرار دار 1701 کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔