مستحق افراد کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں قومی صحت پروگرام نے اہم کردار ادا کیا ہے،نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک
وزیراعظم آفس میں قومی صحت پروگرام کے بارے میں سیکرٹری قومی صحت خدمات کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے پروگرام کے تصور اور دائرہ کار پر روشنی ڈالی۔ سیکرٹری قومی صحت پروگرام کا کہنا تھا کہ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کو مختلف سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں سہولیات دی جارہی ہیں،جس کے تحت مستحق افراد کو مفت سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے، سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ ملک کے اڑتیس اضلاع میں بتیس لاکھ خاندانوں کو رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے۔ ترجیحی پیکج کے تحت سالانہ اڑھائی لاکھ روپے فی خاندان کو مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے، جن میں امراض قلب، حادثات، پیچیدہ متعدی امراض، کیمو تھراپی، ریڈیو تھراپی، سرجری اور دیگر مہلک بیماریاں شامل ہیں۔ فی خاندان پچاس ہزار روپے مالیت کے سیکنڈری کئیر پیکج کے تحت آمدورفت کی لاگت اور دیگر اخراجات شامل ہیں۔ کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید کے مطابق مالی امداد اور دائرہ کار کو دوسرے مرحلے میں وسعت دی جارہی ہے۔ جبکہ دوہزاراکیس تک اس پروگرام کا دائرہ ملک کی دیگر علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے پروگرام کے مجموعی تصور کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے مستحق افراد کو صحت کی فراہمی کے تصور کو تبدیل کیا ہے، جو یونیورسل ہیلتھ کوریج کے مقصد کے حصول میں معاون ثابت ہو گا، جو قومی صحت وژن دوہزارپچیس کا اہم جزو ہے،،