وزیراعظم کے دورہ امریکا سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا،وزیراعظم کیساتھ عسکری قیادت بھی امریکا آ رہی ہے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود وزیراعظم عمران خان کا استقبال کریں گے۔ انکے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جائے گا، امریکی صدر اور وزیراعظم کے درمیان دو نشستیں ہونگی۔ دورہ امریکہ کے دوران عسکری قیادت بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہو گی۔واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کے سی پیک میں سرمایہ کاری پر کوئی تحفظات نہیں ہیں۔ بہت سے ممالک کی خواہش تھی کہ پاکستان کو تنہا کیا جائے جس میں ہمارے حریف ممالک ناکام ہو گئے۔ فٹیف کے دیئے گئے نکات پر کام کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات یکطرفہ نہیں ہیں۔ باہمی مفادات ہوتے ہیں جن پر بات چیت ضروری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کاروباری افراد، ورلڈ بینک حکام، امریکی ایوان نمائنندگان کی سپیکر نینسی پلوسی جبکہ وزیراعظم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملیں گے۔ پاکستانی وزیراعظم پہلی بار کمرشل فلائٹ پر امریکا آئیں گے۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے امریکا کیساتھ تعلقات کچھ عرصے سے اچھے نہیں، دو طرفہ تعلقات کو پس پشت پر ڈال دیا گیا جبکہ افغانستان کے تنازع کو اہمیت دی گئی۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے جن علاقوں کو علاقہ غیر سمجھا جاتا تھا ہماری پاک فوج نے وہاں آپریشن کر کے دہشتگردوں کا خاتمہ کیا، اب ملک میں کوئی نوگو ایریا نہیں ہے۔ دہشتگردی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔