لاہورسمیت ملک کے مختلف حصوں میں بادل پھر برس پڑے ، موسم خوشگوار
لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے بادل پھر برس پڑے ، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ ملک کے مختلف شہروں میں ساون کے بادل پھر برس پڑے، بارش نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں جل تھل ایک کردیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں رات گئے سے جاری موسلا دھار بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی اور گرمی سے بے حال شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ۔ موسلادھار بارش کے ساتھ تیز ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم بارش سے شہر میں سڑکیں اورگلیاں زیر آب آگئے۔ لاہور کے علاقوں رائے ونڈ روڈ،جوہر ٹاون،نواب ٹاؤن گلبرگ ، گارڈن ٹاؤن، مسلم ٹاؤن، جیل روڈ ، وحدت کالونی میں بارش جاری ہے ، بارش کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی معطل ہوئی ۔ شکرگڑھ ،خانیوال اور دادو سمیت کئی شہروں میں بادل برسے ۔خانیوال اور دادو کے کئی علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں کے فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے بدھ تک پنجاب کے مختلف شہروں قصور ،ڈیرہ غازی خان ، راولپنڈی ، سرگودھا ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ،سیالکوٹ،نارووال، حافظ آباد ، قصور ، شیخوپورہ ،اوکاڑہ ، ساہیوال ، جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ، منڈی بہاؤالدین ، جہلم ،چکوال ، اسلام آباد ،لیہ اوردیگر شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور 100 ملی لیٹر کے قریب بارش ریکارڈ ہونے کا امکان ہے ۔موسلادھار بارش سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اورندی نا لوں میں طغيانی کا بھی خدشہ ہے جس کے باعث تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنےکی ہدایت کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا،اسلام آباد، بالائی/وسطی پنجاب، مشرقی بلوچستان،کشمیراورگلگت بلتستان میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پرموسلادھاربارش کی بھی توقع ہے ۔ اس دوران جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ آج صبح ریکارڈ کیے گئے کچھ بڑے شہروں کا درجہ حرارت کچھ یوں ہے : اسلام آبا28 ڈگری سنٹی گریڈ ، لاہور 25 ، کراچی 31، پشاور 29 ، کوئٹہ 26، گلگت میں 22 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔