پنجاب میں اے این ایف کی کارروائیاں، کروڑوں مالیت کی منشیات برآمد
لاہور: صوبہ پنجاب میں اے این ایف نے کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے شیخوپورہ میں گوجرانوالہ جی ٹی روڈ پر کارروائی کے دوران ایک کروڑ مالیت کی آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف نے کالا شاہ کاکو موٹروے انٹرچینج کے علاقے میں ایک اور کارروائی کرتے ہوئے ڈبل کیبن میں تلاشی کے دوران 28 کلو افیون، 8 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ اے این ایف حکام کے مطابق منشیات کو بڑی مہارت کے ساتھ گاڑی کے نچلے حصے میں چھپایا گیا تھا۔حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔