پاکستان کی ایف اے ٹی ایف پر شرائط پوری کرنے کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہیں: امریکا
واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ وہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کو تسلیم اور اس کی مکمل حمایت کرتا ہے۔پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان نے جون 2018 میں متفقہ بین الاقوامی نگرانی کے اصل ایکشن پلان پر نمایاں پیشرفت کی ہے۔ترجمان محکمہ خارجہ کا بیان اس سوال کے تناظر میں تھا کہ بھارت، پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں مسلسل رہنے کے لیے سازش کررہا ہے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس ضمن میں اپنے خدشات کا اظہار بھی کیا۔امریکی عہدیدار نے کہا کہ ٹھیک ہے! آپ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے تحت پاکستان کی ذمہ داریوں کا حوالہ دے رہے ہیں اور ہم تسلیم کرتے ہیں اور ہم ان ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایکشن پلان کے 27 میں سے 26 نکات پر اہم پیشرفت کی ہے۔