غیر قانونی تارکین وطن کے مسئلے کو امریکی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے حل کیا جائے گا۔ ٹرمپ
غیر قانونی تارکین وطن کے بچوں کو ان کے والدین سے الگ کر کے پنجروں میں بند کرنے کی ویڈیوز کی وجہ سے امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ پر امریکا اور دنیا بھر سے شدید رد عمل کے نتیجہ میں امریکی ایوان نمائندگان کے ری پبلیکن اراکین ایک نئے قانون کے مسودہ کی تیاری میں لگ گئے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے ڈیمو کریٹس اراکین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
امریکی صدر نے اپنےعزم پر کار بند رہنے کا اظہار کیا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے مسئلے کو امریکی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے حل کیا جائے گا، خواہ اس معاملے میں ان پر کتنی ہی تنقید ہو، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی تمام تر توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ اس مسئلے کا پائیدار حل میکسیکو کے بارڈر پر دیوار کی تعمیر ہے،اس مقصد کے لیے امریکی کانگریس مطلوبہ فنڈز جاری کیے جانے کی منظوری دے۔