ایک عرصہ سے ہماری جدوجہد نظام کی اصلاح کے لئے چل رہی ہے:-طاہر القادری
الیکشن سے پہلے احتساب اور نظام کی تبدیلی ضروری تھی ایک عرصہ سے ہماری جدوجہد نظام کی اصلاح کے لئے چل رہی ہے، بے گناہ شہریوں کا خون کرنے، لوٹ مار کرنے اور ناموس رسالت اور ختم نبوت پر حملہ کرنے والوں کو دوبارہ اسمبلیوں میں نہیں دیکھنا چاہتے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان عوامی تحریک الیکشن میں کسی بھی سیاسی پارٹی کی حمایت کا فیصلہ 23 جون کو کرے گی اگر پرانے لوگ دوبارہ اسمبلیوں میں آئے تو ایسے نظام پر لعنت بھیجیں گے، پاکستانی عوام کو سب سے پہلے آرٹیکل 62 اور 63 کا شعور میں نے دیا۔ اداروں کو بُرا بھلا کہنا نواز شریف کا پرانا وطیرہ ہے اب یہ فوج اور عدلیہ کی ذمہ داری ہے وہ ایسے لوگوں سے کیسے نمٹتے ہیں۔ انہوں نے کہا وہ ملک کے سیاسی نظام کو گندگی اور کرپشن سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں۔ طاہر القادری سے ان کی آبائی رہائش گاہ پر این اے 115سے پی ٹی آئی کی امیدوار غلام بی بی بھروانہ، آزاد امیدوار سیدہ عابدہ حسین،محمد احمد لدھیانوی اور پی پی 126 سے پی ٹی آئی کی امیدوار راشدہ یعقوب شیخ کے شوہر شیخ یعقوب نے بھی ملاقات کی اورجھنگ کی سیاسی صورتحال پرگفتگو کی۔