عالمی پروازوں کی بحالی: سی اے اے کی نئی سفری ایڈوائزری جاری
ملک میں عالمی پروازوں کی بحالی کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے نئی سفری ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق سِول ایوی اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں کے لیے نظر ثانی شدہ قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں، یہ قواعد 31 جولائی تک نافذ العمل رہیں گے۔ قواعد و ضوابط کے تحت بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے ہوم قرنطینہ کی شق برقرار رکھی گئی ہے، جن مسافروں کا کرونا ٹیسٹ منفی ہو ان کے لیے لازمی سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ کی شرط نہیں ہوگی، منفی رپورٹ کی صورت میں مسافر اپنے گھر میں ہی 14 روز قرنطینہ رہ سکیں گے۔ اگر مسافر کا کرونا ٹیسٹ مثبت ہوا اور علامات بھی زیادہ شدید ہوں تو لازمی سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ میں جانا ہوگا، اگر ٹیسٹ مثبت مگر مسافر کی حالت خراب نہیں، تو ایسے مسافر کو ہوم قرنطینہ کی اجازت دی جا سکتی ہے، تاہم مثبت کرونا ٹیسٹ کی صورت میں مسافر پر ایک سے دوسرے صوبے جانے کی پابندی ہوگی۔