اگلے الیکشن میں فواد چوہدری ہجرتی پرندوں کی طرح کسی اور پارٹی میں ہوں گے: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ
وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔اپنے بیان میں ناصر شاہ کا کہنا تھاکہ فواد چوہدری جب زرداری کے خلاف بیان دیتے ہیں تو حیرت ہوتی ہے، وہ خود آصف علی زرداری کے گھر کا طواف کرتے تھے، زرداری اور فریال تالپور کے خلاف بیان بازی پرفواد کا چھوٹا پن نظر آتا ہے۔انہوں نے پیش گوئی کی کہ اگلے الیکشن میں فواد چوہدری ہجرتی پرندوں کی طرح کسی اور پارٹی میں ہوں گے جبکہ نئے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پورے ملک میں امیدوار نہیں ملیں گے اور اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی اپنا سیاسی وجود کھو بیٹھے گی۔