پیر سے ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ پیر سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارش سے خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان کے ندی نالوں، دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ہے، محکمے کی جانب سے موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، نوشہرہ، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ پیر سے بدھ کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، پنجاب، خیبربختونخوا، شمالی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے، اس دوران چند مقامات پر تیز آندھی اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے،آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان کا بھی اندیشہ ہے۔