اسرائیلی وزیر دفاع کی ایران کو سنگین نتائج کی دھمکی
اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے ایران کو ترکی میں اسرائیلی سیاحوں کو نشانہ بنانے کے خلاف ایک بار پھر خبردار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ترکی میں خطرہ موجود ہے۔ اگرایران نے ہمارے شہریوں کو نقصان پہنچایا تو اس کا جارحانہ جواب دیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ تل ابیب اسرائیلیوں کے خلاف کسی بھی ایرانی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ضرورت پڑنے پر جارحانہ صلاحیتوں کو تیار کر رہا ہے۔ دریں اثنا اسرائیلی وزیر خارجہ یائیر لپیڈ کے دفتر نے اتوار کو اعلان کیا کہ وزیر خارجہ اس ہفتے ترکی کے دورے پر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں جو دونوں ملکوں کے درمیان کئی مہینوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کے بعد اہم پیش رفت ہوگی۔ لیکن اس دورے کے ساتھ اسرائیل کو خدشات ہیں کہ اس کے شہری نیٹو کے رکن ملک میں ایرانی ایجنٹوں کے حملوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اسرائیل نے 22 مئی کو پاسداران انقلاب کے ایک کرنل کے قتل کا بدلہ لینے کے عزم کے بعد ایران کی جانب سے قتل یا اغوا کی سازش کے خدشے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے شہریوں کو ترکی کا سفر کرنے سے خبردار کیا تھا۔ ایرانی کرنل کے قتل پر تہران نے اسرائیلی ایجنٹوں کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔