کراچی :گھر کی چھت گرنے سے خاتون اور اس کی 2 بیٹیاں جاں بحق

کراچی کی مچھر کالونی میں گھر کی چھت گرنے سے خاتون اور اس کی 2 بیٹیاں جاں بحق ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق چھت گرنے کا واقعہ مچھر کالونی میں بابری مسجد کے قریب پیش آیا ، واقعے میں 2 خواتین زخمی بھی ہوئی ہیں۔ متاثرہ مکان ڈاکٹر نور عالم کی ملکیت ہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن ترجمان کے مطابق 3 خواتین کی لاشیں اور 2 زخمی خواتین کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی خواتین میں 15 سالہ آمنہ نور عالم، اس کی 18 سالہ بہن یاسمین اور ڈاکٹر نور عالم کی اہلیہ 45 سالہ رشیدہ شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والی ماں اور دو بیٹیاں ہیں ۔ زخمیوں میں ڈاکٹر نور عالم کی 14 سالہ بیٹی انوری اور 22 سالہ خاتون شنواری زوجہ یونس شامل ہیں ۔ پولیس کی جانب سے مکان کی چھت گرنے کے واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے ۔