صدر عارف علوی نے نیب ترمیمی بل بغیر دستخط کے واپس کر دیا
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظوری کے بعد انہیں اس بل کو ایکٹ بنانے کے لیے وزارت پارلیمانی امور نے ارسال کیا تھا تاہم عارف علوی نے بل پر دستخط نہیں کیے۔ صدر نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک وائٹ کالر کرائم پر قابو پانے کی کوششیں کررہے ہیں، سیاسی عناصر کا کالا دھن جو ٹیکس چوری، جرائم اور بدعنوانی کے دیگر ذرائع سے حاصل کیا جاتا ہے، کوئی ایسا نشان نہیں چھوڑتا جس کا کھوج لگایا جا سکے، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) بھی ایک ایسی ہی مثال ہے جو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے کئی دہائیوں سے کام کررہا ہے اس لیے ہمیں ایسے معاملات پر اسلامی فقہ سے بھی ہدایت لینی چاہیے۔ عارف علوی نے کہا کہ ملزم کو ذرائع آمدن کے بارے میں ثبوت پیش کرنا ہوتے ہیں جائیداد یا دولت کہاں سے اور کیسے حاصل کی؟ دولت کی ملکیت ثابت کرنا استغاثہ کی جبکہ دولت کے ذرائع ثابت کرنا ملزم کی ذمہ داری ہے، نامعلوم ذرائع سے دولت کا حصول ملک میں ایک جرم تھا مگر ان ترامیم سے اس تصور کو کمزور کرکے اسے کافی حد تک غیر موثر بنا دیا گیا ہے۔