لاہور میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی خرابی خدیجہ فاروقی نے تحریک التوائے کار جمع کروادی۔
مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے لاہو ر میں بیشتر علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی خرابی پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔اپنی تحریک التوائے کار میں انہوںنے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے لگائے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ خراب ہونے سے اہل علاقہ کو صاف پانی فراہم کرنے کا منصوبہ ناکام دکھائی دیتا ہے جبکہ کئی علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ موجود ہی نہیں ہیں اور انہیں نظر انداز کردیا گیا ہے۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ لاہور کے علاقے برکی ،ہڈیارہ، ہیئر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس نہ ہونے کے برابر ہیں اور جو ہیں وہ بھی خراب ہیں۔دیہی علاقہ کی کئی یونین کونسلز میں واٹرفلٹریشن پلانٹ نصب ہی نہیں کیے گئے جبکہ جہاں پلانٹ لگائے گئے وہبھی چالو حالت میں نہیں ہیں۔ جس کے باعث ہزاروں افراد صاف پانی نہ ہونے کے باعث کئی خطرناک بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی عدم توجہی کے باعث شہری گندہ پانی پینے پر مجبور ہوچکے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ علاقہ کے مکینوں کے لیے پوش علاقوں کی طرح واٹرفلٹزیشن لانٹس لگائے جائیں تاکہ دیہی علاقوں کے بچے بھی صاف پانی پی کر خطرناک بیماریوں سے بچ سکیں۔