وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس کی ملاقات
وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس نے ملاقات کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور نیول چیف ظفر محمود عباسی نے وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سکیورٹی صورتحال اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ہمسائیوں کے ساتھ امن چاہتا ہے۔بھارت کو پہلے بھی امن مذاکرات کی دعوت دی اب بھی دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو مسلح افواج پر فخر ہے۔ پاکستان نے اپنا دفاع کیا۔وزیراعظم نے بھارتی اشتعال انگیزیزی کا موثر جواب دینے پر مسلح افواج کو سراہا جبکہ مسلح افواج کے سربراہان نے 23مارچ کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں بھارتی اشتعال انگیزی کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ مسلح افواج کے سربراہان نے آپرشینل تیاروں سے متعلق آگاہ کیا۔ ترجمان وزیر اعظم آفس کے مطابق ملاقات میں ملک کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پاکستان کے بارڈرز کی سکیورٹی کے بارے میں وزیر اعظم کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا جبکہ مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تیاریوں کے حوالے سے بھی وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔