پاکستان خطے میں امن کامضبوط علمبردار،امن واستحکام کیلئےکوششیں جاری رکھےگا،صدر ڈاکٹر عارف علوی
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے حکومت کے پاس عوامی سوچ پر مبنی ایجنڈا ہے بدھ کے روز اسلام آباد میں امریکہ کی ہاورڈ یونیورسٹی کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایجنڈا ہماری خارجہ پالیسی کامحور ہوگا۔ صدر نے پائیدار شرح نمو کے حصول کیلئے وسیع البنیاد سماجی اور اقتصادی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا جس سے ہمارے نوجوانوں کیلئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد پالیسی پر عمل پیرا ہے اور غیر ملکی سیاحوں اور تاجروں کو راغب کرنے کیلئے پہلے ہی آزاد ویزا پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو تاجر اور سیاح دوست ملک بنانے کیلئے اصلاحات پر عمل جاری رکھے گی۔صدر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا مضبوط داعی ہے اور یقین دلایا کہ حکومت علاقائی امن واستحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔