ٹرمپ کا ہر امریکی کو 1ہزار اور بچے کو 500 ڈالر دینے کا منصوبہ

ٹرمپ انتظامیہ نے کرونا وائرس کے ردعمل میں شروع کیے گئے بڑے متحرک پیکج کے تحت امریکی شہریوں کو امدادی رقم 1ہزار امریکی ڈالر فی کس اور 500 ڈالر ہر بچے کو دینے کا منصوبہ بنایا ہے یہ بات سیکرٹری خزانہ سٹیون منچن نے بتائی ہے۔فاکس بزنس نیٹ ورک کو دئے گئے انٹرویو میں منچن نے کہا کہ کانگریس کی منظوری کے بعد انتظامیہ 3 ہفتوں میں امدادی رقوم کی پہلی قسط وصول کرلے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کرونا وائرس پر قومی ہنگامی حالت زیادہ عرصے تک برقرار رہی تو مزید نقد رقوم فراہم کی جائیں گی۔امریکی سیکرٹری خزانہ جو اب بھی متحرک پیکج کی تفصیلات کے بارے میں قانون سازوں کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہیں نے کہا کہ اس منصوبے سے براہ راست ورکنگ کلاس امریکی شہریوں کو مجموعی طور پر 500 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔ وائٹ ہاو¿س میں نیوز بریفنگ کے موقع پر منچن کا کہنا تھا کہ وہ ایک بڑے معاشی منصوبے پر قانون سازوں کے ساتھ کام کررہے ہیں جس میں چھوٹے کاروباروں، ائیر لائنز اور ہوٹلوں کے ساتھ معاونت کے اقدامات شامل ہیں جبکہ اس کے تحت کام کرنے والے امریکی شہریوں کو ممکنہ نقد ادائیگیاں بھی شامل ہیں ۔بلوم برگ نے اس معاملے سے باخبر افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیران 50سال اور 25 سال کے بانڈز جاری کرنے پر غور کررہے ہیں تاکہ مجوزہ 13سو ارب ڈالر کے مالیاتی پیکج کو فنانس کیا جاسکے۔