رانا ثنا اللہ پر فرد جرم پھر موخر
لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں منشیات سمگلنگ کیس میں رانا ثنا اللہ پر فردجرم پھر موخر کر دی گئی ۔ہفتہ کو مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ منشیات سمگلنگ کیس میں لاہورکی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے۔ رانا ثنا اللہ پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر موخرکردی گئی ۔وکیل شریک ملزم نے کہا کہ رانا ثنااللہ کے شریک ملزم کو کورونا علامت تھیں اس لیے وہ پیش نہیں ہوا، جج نے سوال کیا کہ ملزم کی رپورٹ کہاں ہے؟۔وکیل نے جواب دیا کہ رپورٹ ابھی آنی ہے ملزم ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل ہے جس پر جج شاکر حسن نے ایک ہفتے کی تاریخ دیتے ہوئے ملزم کی کورونا رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔رانا ثنااللہ کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایک ہفتہ کم ہے تاریخ تھوڑی لمبی دیں جس پر جج نے کہا کہ جب رانا ثنااللہ پر کیمرہ جاتاہے تو وہ کہتے ہیں ڈیڑھ سال ہوگیا کیس کا کچھ نہیں بنا۔ وکیل نے کہا کہ اب ایسا کوئی نہیں کہے گا میں آگیا ہوں جس کے بعد عدالت نے 3 اپریل تک کارروائی ملتوی کر دی۔