پیسے دیکر، رشوت دیکر اپنی حکومت بچانے پر لعنت بھیجتا ہوں: وزیر اعظم عمران خان
درگئی: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اراکین قومی اسمبلی اپنے ضمیر کا سودا کر رہے ہیں، جدھر اقتدار ہوتا ہے لوٹا ادھر چلا جاتا ہے، فضل الرحمان کو ڈیزل کا خطاب ن لیگ نے دیا تھا، ن لیگ نے آصف زرداری کو کرپشن کی وجہ سے جیل میں ڈالا تھا۔وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے درگئی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درگئی کے باشعور نوجوان اس جماعت کے ساتھ چلیں گے جو پاکستان کے ساتھ ہے، نوجوان اس جماعت کے ساتھ چلیں گے جو چوروں کے خلاف کھڑی ہے، ہمارے سامنے دو راستے ہیں، ایک طرف نامور ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں، دوسری طرف وہ لوگ ہیں جنھوں نے 25 سال ان ڈاکوؤں کے خلاف جدوجہد کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ چوری کے پیسے سے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لوٹا ادھر چلا جاتا ہے جہاں اقتدار ہوتا ہے، جو ضمیر فروش ہوتا ہے پیسے لے کے ملک کا سودا کرتا ہے، قوم کے سامنے ضمیرکا سودا ہو رہا ہے، لوٹوں کو عدلیہ اورالیکشن کمیشن دونوں دیکھ رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ضمیر فروش جمہوریت اور دین کا سودا کرتا ہے، اب وقت آگیا ہے آپ فیصلہ کریں کہ آپ کدھر کھڑے ہیں؟ اللہ نے ہمیں اچھائی کے ساتھ کھڑے اور برائی کے خلاف کھڑے ہونے کا کہا ہے۔