کوئی مائی کا لعل ہے تو او آئی سی کانفرنس میں مداخلت کرکے بتائے: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید
وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس شیخ رشید نے کہا کہ میڈیا میں خبریں ہیں کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو بلایا جارہا ہے ، اس طرح تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کی تاریخ یکم یا 2 اپریل کو بنتی ہے۔ اسلام آباد میں 2 اپریل تک 8 ہزار پولیس ،2 ہزار رینجرز اور ایک ہزار ایف سی اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔مائنس ون سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، 27 مارچ کے جلسے میں جاؤں گا اور تقریر بھی کروں گا میرا حلقہ میرے ساتھ ہے، مرد کی زبان ہوتی ہے، پنڈی والے دوستی اور دشمنی نبھاتے ہیں، مائنس ون کیا چیز ہے نہ جانتا ہوں اور نہ ہی مانتا ہوں، میں پلس ون کو جانتا ہوں جو عمران خان ہے۔ ناراض ارکان سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ اصلی اور نسلی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ یہ سیاست ہے، اونچ نیچ ہوجاتی ہے، اللہ کو منظور ہوا تو اتحادی جماعتوں اور ناراض ارکان واپس آجائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سیاست کے میدان میں بلاول کے دودھ کے دانت نہیں نکلے اور وہ کہہ رہے ہیں کہ ہم دھرنا دیں گے، اپنی شکل دیکھو ، کوئی مائی کا لعل ہے تو او آئی سی کانفرنس میں مداخلت کرکے بتائے، ان کی چیخیں آسمان تک سنائی دیں گی۔ ذمہ داروں کا ایک فون آیا تو سب 90 ڈگری کے زاویے میں گھوم گئے۔