عدالتیں بھی ایک شخص کے آگے بے بس نظر آرہی ہیں۔ احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عدالتیں بھی ایک شخص کے آگے بے بس نظر آرہی ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان خودکش بمباربن کر اس نظام کے خلاف 2 اسمبلیوں سے مستعفی ہوئے، پاکستان عمران خان کی ناقص پالیسیوں سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی مسائل گھمبیر ہو چکے ہیں، آئی ایم ایف سے معاہدہ حتمی مراحل میں پہنچ چکا ہے جب کہ عمران خان نے ماضی میں آئی ایم ایف ڈیل کو نقصان پہنچایا۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں نظام عدل گرتا ہوا نظرآرہا ہے، اعلیٰ عدلیہ بھی ایک شخص کے آگے بے بس نظر آرہی ہے، عمران احمد نیازی دبائو کے ذریعے عدالتوں سے اپنی پسند کے فیصلے لے رہا ہے ،عمران خان نے تربیت یافتہ بلوائیوں کو بلایا، جو فراخدلی عمران نیازی سے کی جارہی ہے وہ عام سائل سے بھی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو عدالت میں سلام پر ڈانٹ دیا جاتا تھا، پاکستان میں عدالتوں کے اندر کبھی یہ مناظر نہیں دیکھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں فساد پھیلانے کی کوشش کی گئی، ایک شخص کے لئے وی آئی پی قانون ہے، قانون سب کیلئے برابر ہے ۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کشمیر کمیٹی کے ممبر تھے، کسی اجلاس میں نہیں آئے، عمران خان نے 2018 سے پارلیمنٹ کو نظر انداز کیا۔انہوںنے کہا کہ عمران خان قانون کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں، ریاست پر حملہ کر کے ملک کو کمزور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ضمانت کی درخواستوں پر بنچ ٹوٹ جاتے تھے، عدالتوں کے دروازے توڑے گئے، کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ۔