لاہور میں آٹھ روز سے کلمہ چوک میٹرو بس اسٹیشن پر دھرنا دینے والے نابینا افراد اچانک غائب ہوگئے۔

لاہور میں ّآٹھ روز تک کلمہ چوک میٹرو بس اسٹیشن پر دھرنا دیکر بس سروس معطل رکھنے والے نابینا افراد اچانک غائب ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے میٹرو بس ٹریک کو کلیئر کرانے کیلئے نابینا افراد کو کسی دوسری جگہ منتقل کردیا گیا ہے۔ نابینا افراد کے ٹریک پر دھرنے کے باعث آٹھ روز تک بس سروس معطل رہی جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا تھا۔ نابینا افراد کی منتقلی کے بعد ٹریک کلیئر ہونے پرمیٹرو بس سروس کو بحال کردیا گیا ہے بہاولپور سے تعلق رکھنے والے نابینا افراد ملازمتوں اور وظیفوں سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کیلئے سراپا احتجاج تھے۔ انکا کہنا تھا کہ جب تک انکے مطالبات پورے نہیں ہوں گے دھرنا جاری رہے گا۔