غزہ، تازہ اسرائیلی حملوں میں صحافی سمیت چار بے گناہ فلسطینی شہید
غزہ میں آج اسرائیل کے جنگی جہازوں کے تازہ حملوں میں ایک صحافی سمیت کم سے کم چار بے گناہ فلسطینی شہید ہو گئے۔زخمیوں کے بارے میں ابھی کوئی اطلاعات نہیں ہیں مگر حملوں میں رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔اس سے پہلے مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی مقبوضہ بیت المقدس میں احتجاجی مظاہروں اور تاریخی ہڑتال کے دوران اسرائیلی فورسز نے چار فلسطینیوں کو شہید اور کئی افراد کو زخمی کر دیا۔اسرائیل میں عرب اقلیتی حقوق کے قانونی مرکز کے مطابق اسرائیل کے تقریباً اٹھاون فلسطینی شہریوں کو غیرقانونی طور پر حراست میں لیا گیا ہے۔یونیسیف نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے سے اسرائیل کے فضائی اور راکٹ حملوں میں غزہ کے پچاس سے زائد سکولوں کو نقصان پہنچا ہے جس سے تقریباً بیالیس ہزار بچے متاثر ہوئے ہیں۔غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 63 بچوں اور 36 خواتین سمیت تقریباً 221 فلسطینی شہید اور پندرہ سو کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔ادھر،امریکہ نے سلامتی کونسل کو ابھی تک مشترکہ بیان جاری کرنے سے روک رکھا ہے جس میں جنگ بندی پر زور دیا گیا ہے اور سفارتکاروں سے کہا ہے کہ ایک عوامی بیان سے کشیدگی کم نہیں ہوئی۔تاہم فرانس نے کہا ہے کہ وہ مصر اور اردن کے ساتھ مل کر جنگ بندی کی قرارداد لانے پر کام کر رہا ہے۔