غزہ جنگ بندی کی راہ ہموار کی جائے۔ جوبائیڈن کا نیتن یاہو کو چوتھا فون

امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے غزہ میں کشیدگی کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ جنگ بندی کی راہ ہموار کی جائے۔عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر کی اسرائیلی وزیراعظم سے گذشتہ ایک ہفتے میں یہ چوتھی فون کال ہے۔اسرائیلی میڈیا نے نیتن یاہو کا یہ بیان نقل کیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی نظام الاوقات نہیں دے رہے ہیں۔دوسری جانب صدر بائیڈن پرغزہ میں جنگ بندی کے لیے ان کی اپنی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے بھی دباو ڈالاجارہا ہے اور ان سے یہ مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ جنگ بندی کے لیے زیادہ فعال کردارادا کریں۔وائٹ ہاوس کی خاتون ترجمان کیرین ژاں پائیری نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں لیڈروں نے غزہ میں رونما ہونے والے واقعات،حماس اوردوسرے عناصر کی جنگی صلاحیتوں کو کم کرنے کے لیے اسرائیل کی پیش رفت اورعلاقائی حکومتوں کی سفارتی کوششوں کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ صدر نے وزیراعظم کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ آج ہی جنگ بندی میں پیش رفت کی غرض سے کشیدگی میں نمایاں کمی کی توقع کرتے ہیں۔