تحریک انصاف کا ووٹ بینک صرف عمران خان کی وجہ سے ہے۔ ہمایوں اختر خان
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ترسیلات زر کا ریکارڈ سطح پر پہنچنا اوورسیز پاکستانیوں کاوزیر اعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے، تحریک انصاف کا ووٹ بینک صرف عمران خان کی وجہ سے ہے اور سیاسی شعور رکھنے والے اس سے اچھی طرح آگاہ ہیں،حزب اختلاف کوملک و قوم کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں کیونکہ اگر ایسا نہ ہوتا تو قومی معاملات میں بھی ”میں نہ مانوں“ کی رٹ نہ لگاتی۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے روایتی سیاستدانوں کے برعکس ملک و قوم کو اپنی سیاست پر ترجیح دی ہے جبکہ ماضی میں صرف اپنی سیاست کو بچانے کے لئے ایسے فیصلے کئے گئے جس کے انتہائی منفی نتائج برآمد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عزم رکھنے والی شخصیت ہیں اور اسی وجہ سے انہیں ہر میدان میں کامیابیاں ملی ہیں اوریہی اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معیشت کو ترقی دینے والا ہر اشاریہ مثبت سمت میں گامزن ہے،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور انشا اللہ آئندہ بھی حکومت بنا کر ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔