آرمی چیف کا دورہ یوکرین، وزیراعظم سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں, دفاعی پیداوار اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو ہ نے اپنے سرکاری دورے کے دوران یوکرائن کے وزیراعظم اور ڈپٹی وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں۔ آرمی چیف نے وزیرصنعت، وزیردفاع اور چیف آف جنرل سٹاف، مسلح افواج کے کمانڈر، وزیر داخلہ اور سٹرٹیجک انڈسٹریز کے وزیر سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقاتوں میں مختلف شعبہ جات میں باہمی، دفاعی تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغان امن عمل میں حالیہ پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیاجبکہ دونوں ممالک میں ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دفاعی پیداوار، تربیت، انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوکرائن میں ملٹری ٹیسٹ سائٹ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے مخلتف ہتھیاروں اور آلات کے فیلڈ ٹیسٹ دیکھے۔آرمی چیف نے تجربات میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے منصوبوں سے منسلک افراد کی کارکردگی کو سراہا۔آرمی چیف نےکہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون دوطرفہ تعلقات کا اہم جزو رہا ہے۔ یوکرین کی قیادت نے خطے میں تنازعات سے بچنے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، یوکرین کی قیادت نے افغان امن عمل میں بھی پاکستانی کردارکی تعریف کی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان یوکرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، یوکرین سے باہمی دفاعی تعاون کا فروغ چاہتے ہیں، یہ تعاون ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبے کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔