فلسطین میں انسانی المیے کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے:وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے فلسطین میں انسانی المیے کے خاتمے اورعلاقائی امن کولاحق خطرات ٹالنے کیلئے اجتماعی کوششوں پرزوردیاہے۔نیویارک میں پاکستانی سفارتخانے میں وزرائے خارجہ کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے اسرائیلی فورسزکی جانب سے جاری مظالم ،فلسطینی لوگوں کی حالت زار اور علاقائی امن کو خطرات اوراس سلسلے میں پاکستان کی طرف سے کی جانیوالی سفارتی کوششوں کو اجاگرکیا۔یہ وزرائے خارجہ فلسطین کی صورتحال پراقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لئے وہاں پہنچے ہیں۔شاہ محمود قرشی نے شرکت کرنے والے وزرائے خارجہ کے ساتھ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر تفصیلی مشاورت کی۔ترکی،تیونس،فلسطین کے وزرائے خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر اور او آئی سی کے رکن ممالک کے مستقل مندوبین نے عشائیہ میں شرکت کی۔اس سے پہلے وزیرخارجہ نیویارک پہنچے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آج ہونیوالے ہنگامی اجلاس میں فلسطین کے مسئلے پرپاکستان کاموقف پیش کریں گے اوراسرائیل کی طرف سے بیگناہ فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم رکوانے کے لئے بھرپورآوازاٹھائیں گے۔دفترخارجہ کے ترجمان کے ایک بیان کے مطابق وزیرخارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکیراوردوسری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔وہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اورعلاقائی وبین الاقوامی امور پر پاکستان کے موقف کے حوالے سے انہیں آگاہ کریں گے۔