سعودی عرب کا الجزائر کی اقوام متحدہ میں نشست کے لئے حمایت کا اعلان
سعودی عرب نے الجزائرکواقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نشست کے لیے اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے الجزائر کے صدرعبدالمجید تبون سے دارالحکومت کے المرادیہ محل میں جمعرات کے روز ملاقات کی ہے۔انھوں نے دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا اورباہمی دلچسپی کے عرب اورعلاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔انھوں نےدونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں دوطرفہ روابط کومضبوط بنانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا۔ الجزائری صدر سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ نے کہامیں نے صدرتبون سے مشترکہ تعاون کے حوالے سے بات چیت کی ہے اور انھیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی نشست کے لیے مملکت کی جانب سے الجزائر کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ شہزادہ فیصل بن عبداللہ بن فرحان نے اعتماد کا اظہارکیا کہالجزائرعلاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سعودی وزیرخارجہ نے الجزائری ہم منصب رمطان لعمامرہ سے بھی ملاقات کی اور ان سےمشرقِ اوسط اورشمالی افریقا کے خطے میں سلامتی اوراستحکام کے لیے مشترکہ اقدامات کومضبوط بنانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے اپنے ٹویٹراکاؤنٹ بتایا ہے کہ رمطان لعمامرہ کے ساتھ انھوں نے سعودی عرب اور الجزائرکی سیاسی مشاورتی کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد کیا۔اس میں انھوں نے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ مشترکہ دلچسپی کے بہت سے امورپر تفصیلی بات چیت کی ہے۔ الجزائری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی صدارت میں دارالحکومت الجزائر میں منعقدہ سیاسی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور ان تعلقات کے فروغ اور انھیں مستحکم کرنے کے امکانات کے علاوہ مشترکہ دلچسپی کے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سعودی عرب کے افریقی امور کے معاون وزیرمملکت سفیر ڈاکٹرسمیع الصالح، الجزائرمیں خادم الحرمین الشریفین کے سفیرڈاکٹرعبداللہ بن ناصرالبصیری اور وزیرخارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹرجنرل عبدالرحمٰن داؤد نے شرکت کی۔