قابض اسرائیلی فوج کے چھاپے، 10بے گناہ فلسطینی زیرحراست

اسرائیلی قابض افواج نے مغربی کنارے میں 10فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے حراست میں لے لیا، فلسطینی مزاحمت کاروں اور قابض فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بیت اللحم میں قابض افواج نے توفیق کے خاندان سے عبیدیہ میں دو نوجوان حراست میں لے لئے ۔ ایک اور فلسطینی لڑکے کو القدیر ٹائون سے گرفتار کیا گیا ۔ بیت رائمہ رملہ سے بھی چھاپوں میں چار مزید نوجوان حراست میں لے کر انہیں قید کردیا گیا۔ ٹائون میں فوج اور مقامی آبادی کے درمیان تصادم کی خبریں بھی آئی ہیں۔ فوج نے یہاں براہ راست فائرنگ کرنے کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کا بھی استعمال کیا۔نابلس شہر میں بھی شواہنہ کے خاندان سے ایک شہری کواغوا کرلیا گیا یہ اغوا رفیدیہ کے علاقے سے کیا گیا۔ فوج نے نابلس شہر کے قریب مہاجر کیمپ میں متعدد گھروں پر دھاوا بول کر سامان تباہ و برباد کردیا تاہم کوئی فرد پکڑا نہیں گیا۔ فلسطینی مزاحمت کاروں اور قابض فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ یہ واقعہ عین بیت الما میں ہوا۔ مقبوضہ بیت المقدس سے بھی قابض فوج نے دو جوانوں کو قلندیہ مہاجر کیمپ بیدو ٹائون سے اغوا کرلیا۔