ساڑھے 3 سال مسلسل مجھے بلیک میل کیا گیا کہ کسی طرح ان کو این آر او دے دو:عمران خان
ملتان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جب جلسے کے لیے روانہ ہوا تو مجھے بار بار کہا گیا کہ عمران خان تمہاری جان کو خطرہ ہے، سامنے شیشہ لگا لو، قرآن کی آیت ہے، جو لوگ ایمان لے آئیں اللہ ان کا خوف ختم کردیتا ہے، میں نے اللہ سے وعدہ کیا تھا کہ جب بھی مجھے موقع ملا، اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور بزدل لوگوں نے ہمیں خوف دلوایا ہوا ہے کہ جب تک امریکہ کے جوتے پالش نہیں کرو گے،ہم زندہ نہیں رہ سکتے، ہم پر وہ حکمران مسلط رہے جو ہمیشہ سپر پاور کے سامنے گھٹنے ٹیکتے رہے، میں نے اللہ سے وعدہ کیا تھا کہ جب بھی مجھے موقع ملا، اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا، میڈیا کے ذریعے مجھ پر ذاتی حملے کرائے گئے، ساڑھے 3 برس مجھے ہر طرح سے بلیک میل کیا گیا کہ کسی طرح ان کو این آر او دے کر ان کے کرپشن کیسز بند کردوں، لندن میں بیٹھے بھگوڑے نے سازش کی، مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ کبھی کوئی انسانی معاشرہ بھی کسی گیدڑ کو لیڈر مانتاہے، نواز شریف تیسری بار ملک سے بھاگا ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سارا میڈیا بتاتا ہے کہ شہباز شریف صبح 7 بجے جاگتا ہے،شہبازشریف میرا مالی صبح 6 بجے جاگتا ہے،منصوبہ بنانے والوں نے منصوبہ کچھ اور بنایا ہوا تھا،لیکن اللہ کو کچھ اور منظور تھا، جو سمجھتے تھے کہ تحریک انصاف غیر مقبول ہوگئی ہے،ان کی سیاسی قبریں کھودنے کا وقت آگیا ہے،ہماری اشرافیہ ڈر گئی اور انہوں نے اس سازش میں امپورٹڈ حکومت کے ساتھ مل کر مجھے گرایا، حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب بنا تو مرغی کا ریٹ دو گنا ہوگیا۔