مشرقی یروشلم سمیت تمام علاقوں پرفلسطین کا اختیار چاہتے ہیں۔عرب لیگ
عرب لیگ نے اجلاس کے اعلامیہ میں تنازعات کے حل کے لیے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشرقی یروشلم سمیت تمام علاقوں پرفلسطین کا اختیار چاہتے ہیں۔جدہ میں ہونے والے عرب لیگ نے اپنے 32ویں سربراہی اجلاس کے اختتام پر اعلامیہ جاری کردیا جس میں تنازعات کے حل کے لیے اتحاد پر زور دیا گیا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سربراہی اجلاس میں فلسطین اسرائیل تنازعہ، سوڈان، یمن، لیبیا اور لبنان میں پیش رفت سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسئلہ فلسطین عربوں کا کلیدی مسئلہ تھا اور رہے گا، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ مشرقی یروشلم سمیت 1966میں قبضے میں لیے گئے تمام علاقوں پر فلسطین کا مکمل اختیار چاہتے ہیں، بین الاقوامی قرار دادوں کے مطابق دو ریاستی حل کے ذریعے امن و امان قائم کیا جائے۔مزید کہا کہ سوڈان بحران کے حل کے لیے اتحاد و اتفاق اور مکالمے کا راستہ اختیار کیا جائے، سوڈان کے معاملے میں ہر طرح کی بیرونی مداخلت کو روکنا ہوگا۔اجلاس کے اعلامیے میں کہا کہ عرب لیگ میں شام کی رکنیت کی بحالی کا خیرمقدم کیا گیا جس سے اس سے خطے میں استحکام آئے گا، یمن میں امن و استحکام کے ضامن ہر اقدام کی حمایت کی جائے گی۔مزید کہا کہ عرب ممالک کے اندرونی امور میں بیرونی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی، مسلح ملیشیاؤں اور تنظیموں کی تشکیل کی بیرونی حمایت کو مسترد کرتے ہیں۔