ٹرمپ بتائے کہ ہمارا خون بہانے اور اپنا مقصد پورا کرنے کیلئے کتنے ڈالر دئیے، میاں افتخار حسین
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرمپ بتائے کہ ہمارا خون بہانے اور اپنا مقصد پورا کرنے کے لئے کتنے ڈالر دئیے، ماضی میں بھی امریکہ کی ہاں میں ہاں ملانے کی مخالفت کی تھی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے پرو گرام حال احوال میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاالرحمن اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر وپارلیمانی لیڈراصغرخان اچکزئی بھی موجود تھے ۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اے این پی کے سا ت سو سے زائد لوگ شہید ہوئے،ان کا کہنا تھا کہ ہماری بات سنی جائے تو ملک کو فائدہ ہو گا،داعش افغانستان میں امریکہ کیلئے گڈ ہے تو امن کیسے قائم ہو گا، گڈ اور بیڈ دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہونگے تو حالات ٹھیک ہونگے ۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے امریکی مفادات کا تحفظ کیا،جن لوگوں نے غلط کام کیا انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا ہو گا۔جنرل سیکرٹری اے این پی نے کہا کہ حکومت چلنے کی قابل نہیں اسکو چلایا جارہا ہے، شاید دوسالوں میں چلانے والوں کا دل بھر جائے گا ،ا نہوں نے کہا کہ انتہاپسندی کی پالیسی اختیار نہ کی جائے،پاکستان اپنی داخلہ اور خارجہ پالیسی ایسی بنائے جو ملک کے مفادات کا تحفظ کرے۔