ٹرمپ کے ڈو مور بیان پر پوری قوم کی طرف سے نو مور کا سرکاری پیغام بھیجا جانا ضروری ہے، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے ڈو مور بیان پر پوری قوم کی طرف سے نو مور کا سرکاری پیغام بھیجا جانا ضروری ہے ۔ یہ ٹویٹ پیغامات کے تبادلہ کا نہیں ، ایک قوم کی توہین پر حکومتی احتجاج کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ دھمکی آمیز بیانات کا قومی وحدت و یگانگت پر مبنی جرأتمندانہ جواب جانا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ اگرچہ وزیراعظم کی طرف سے پہلا ردعمل قومی تمنائوں کے مطابق ہے لیکن کرپشن کے خاتمے ، قرضوں کی معیشت سے نجات اور خود انحصاری کے راستے کے بغیر آزادانہ خارجہ پالیسی اپنانا انتہائی مشکل ہے اور محض جملہ سازی سے حقیقی ردعمل دیا جانا ممکن نہیں اس کے لیے ٹھوس حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔